خیبر پختونخوا

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید، 6 خوارج ہلاک

خوارج چیک پوسٹ میں داخل نہ ہو سکے تو بارود بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، آئی ایس پی آر


بنوں(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارج کی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام ہوگئی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوان شہید جبکہ 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 نومبر کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا، خودکش دھماکے میں پاک فوج کے 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے، شہدا میں 10 پاک فوج کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہید ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید، ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد، ہری پورکے نائیک باسط فرید شامل ہیں۔
قوم مادر وطن پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا ۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وطن کیلئے جان نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیرو ہیں، وزیرداخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *