حلقہ پی بی پیتالیس پر نیشنل پارٹی کی جمعیت علماء اسلام کی حمایت کا اعلان خوش آئند ہے، مولانا واسع
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی پیتالیس پر نیشنل پارٹی کی جمعیت علماء اسلام کی حمایت کا اعلان انکی جمہوری سوچ کا مظہر ہے ،حلقے میں جمعیت علماء اسلام کی پوزیشن بہترین ہےجمعیت علماء اسلام اور نیشنل پارٹی کی جمہوریت کی استحکام کیلئے مشترکہ جدوجہد رہی ہیں ، یہاں جاری کردہ ایک بیان میں مولانا عبدالواسع نے کہا کہ حقیقی نمائندے کو حلقے کی نمائندگی کا حق دیا جائے ہماری یقینی جیت کو شکست میں بدلنے کا آنے والے الیکشن میں جمہوری طریقے سے جواب دیں گے ،پیراشوٹرز کو پہلے کی طرح عوام مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہر طرح کے تعصب سے بالاتر ہوکر جمہوری عمل کے زریعے خدمت پر یقین رکھتی ہے خوشنماء وعدوں کے بجائے عملی طور پر کردار ادا کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ جس طرح جمعیت علماء اسلام کے خلاف منظم منصوبہ بندی سے ہمارے جیتے ہوئے حلقے ہم سے چھینے گئے اسکے باوجود جمعیت علماء اسلام مختلف حلقوں پر تمام حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی وہیں حلقہ پی بی پینتالیس کے عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی چھینی ہوئی نمائندگی حاصل کرنے کیلئے کوئی کوتاہی نہیں کریں۔