یومِ تکبیر پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور ایٹمی قوت کے تاریخی دن کی علامت ہے، حاجی ولی محمد نورزئی

28 مئی دشمنوں کے عزائم خاک میں ملانے اور پاکستانی قوم کے غیرت و حمیت کا دن ہے، پارلیمانی سیکرٹری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ )ن(کے روکن اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے یومِ تکبیر 28 مئی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستانی قوم کی غیرت، جرات، استقامت اور قومی خودمختاری کی علامت ہے۔ 28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں ایٹمی دھماکے کر کے نہ صرف دشمن کو واضح پیغام دیا بلکہ مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصا قائد محمد نواز شریف نے اس وقت عالمی دبا، پابندیوں اور دھمکیوں کو پسِ پشت ڈال کر قوم کے جذبات کی ترجمانی کی اور ایک جرات مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے ملک کو ایٹمی قوت بنا دیا۔ یہ اقدام نہ صرف قومی سلامتی کی ضمانت بنا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ جب قیادت مخلص، فیصلہ کن اور عوام کے جذبات سے ہم آہنگ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں جھکا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور سلامتی کی راہ پر ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ملکی خودمختاری، قومی سلامتی اور ترقی کے سفر میں ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ ہم شہدا، سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور ان تمام محب وطن قوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایٹمی پروگرام کو ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر پر پوری قوم کو یکجا ہو کر پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ہم ہر چیلنج کا مقابلہ اتحاد، یگانگت اور ایمان کے ساتھ کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert