حج کے بعد عمرہ سیزن کا آغاز کب ہوگا ؟ سعودی حکام نے بتادیا


رىاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کی حکومت نے سال 2025 کے لیے عمرہ سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نیا عمرہ سیزن 11 جون 2025 سے شروع ہوگا، جو کہ حج کے اختتام کے فوراً بعد کا وقت ہے۔
سعودی حکام کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجرا 10 جون سے شروع کر دیا جائے گا، جس کے بعد دنیا بھر سے زائرین حرمین شریفین کا رخ کریں گے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی محکمہ موسمیات نے حج سیزن کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مکہ اور مدینہ کے مقدس مقامات پر درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی (NCM) کی پیشگوئی کے مطابق دن کے وقت کا درجہ حرارت 40 سے 47 ڈگری کے درمیان رہے گا، جبکہ رات کے اوقات میں یہ 27 سے 32 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 15 سے 60 فیصد کے درمیان متوقع ہے، جو حجاج کرام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوران عبادت سورج سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور زیادہ گرمی کے وقت باہر نکلنے سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ حج کے بعد عمرہ سیزن کا آغاز لاکھوں مسلمانوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، خاص طور پر وہ افراد جو حج کی ادائیگی نہیں کر سکے اور حرمین شریفین کی زیارت کے مشتاق ہیں۔

WhatsApp
Get Alert