نوکنڈی، بکرا منڈی میں جانوروں کی قیمتیں خریداروں کی پہنچ سے دور

نوکنڈی(قدرت روزنامہ)عیدالاضحی قریب آتے ہی ملک بھر کی طرح نوکنڈی میں بھی بکرا منڈی سج گئی مگر خریداروں کے چہرے مایوسی اور پریشانی سے عاری نہیں۔ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں اس سال آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ کم از کم ایک درمیانے درجے کے بکرے یا دنبے کی قیمت چالیس ہزار سے شروع ہو کر ساٹھ، پینسٹھ ہزار تک جا پہنچی ہے، جبکہ کچھ بڑے جانور ایک لاکھ سے بھی تجاوز کرچکے ہیں۔ مقامی گاہکوں کا کہنا ہے کہ اس سال سنت ابراہیمی کی ادائیگی خواب بنتی جا رہی ہے۔ بیوپاریوں کا بھی شکوہ اپنی جگہ ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ مہنگائی اور جانوروں کی پرورش کے اخراجات نے انہیں مجبور کر دیا ہے کہ قیمتیں بڑھائیں۔ چارہ، ویکسین، کرایہ اور دیگر اخراجات نے کاروبار کو گھاٹے کا سودا بنا دیا ہے۔نوکنڈی میں موجود بکرا منڈی میں روزانہ سیکڑوں خریدار آتے ہیں، مگر بیشتر خالی ہاتھ واپس جا رہے ہیں۔ بچے اور بزرگ جانوروں کو دیکھنے ضرور آتے ہیں، مگر خریداری کی سکت کم ہی لوگوں میں باقی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری طور پر جانوروں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے اور غریب عوام کے لیے سبسڈی یا قربانی اسکیم متعارف کرائے، تاکہ کوئی بھی مسلمان سنت ابراہیمی سے محروم نہ رہے۔
