زیارت میں قبائل کی زمین محکمہ جنگلات کو الاٹ کرنے کیخلاف 20 جولائی کو جرگہ طلب کرلیا، رحیم زیارتوال


زیارت(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار حبیب الرحمن دومڑ، ضلعی سیکرٹری سردار میروائیس خان کاکڑ اور دیگر ضلعی ایگزیکٹیوز نے ضلع زیارت میں پارٹی کے ضلعی کمیٹی کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 جون 2025 کو ضلع زیارت کے مقامی قبائل کی جدی پشتی 1 لاکھ 77 ہزار ایکڑ زمین کو محکمہ جنگلات کے نام پر غیر قانونی طور پر الاٹ کیا گیا ہے، جس کی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔پارٹی رہنماں نے کہا کہ یہ زمینیں مقامی قبائل کی ملکیت ہیں اور الاٹمنٹ کے نام پر ان پر قبضے کی کوشش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس اہم اور حساس مسئلے پر پارٹی ہرگز خاموش نہیں رہے گی، اور تمام سیاسی، قبائلی و سماجی حلقوں کے ساتھ مل کر مثر جدوجہد کی جائے گی۔اس سلسلے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک نمائندہ اولسی جرگہ 20 جولائی بروز اتوار، صبح ساڑھے 9 بجے، ڈگری کالج ہال زیارت میں منعقد کیا جائے گا، جس کی صدارت پشتون اولسی جرگے کے کنوینر نواب محمد آیاز خان جوگیزئی کریں گے۔پارٹی نے تمام سیاسی و جمہوری جماعتوں، قبائلی عمائدین، علمائے کرام، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو اس اہم جرگے میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف ٹھوس مزاحمتی اقدامات کیے جائیں۔رہنماں نے کہا کہ پشتون قوم نے ہمیشہ اپنے وطن، زمین اور وسائل کا دفاع آئینی، قانونی اور جمہوری طریقوں سے کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے اس ورثے کو زندہ رکھتے ہوئے ہر ممکن مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے ضلع زیارت کے تمام قبائلی، سیاسی اور سماجی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ جرگے میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی زمینوں کے تحفظ کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

WhatsApp
Get Alert