شراب برآمدگی کیس: پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ہائی کورٹ نے شراب برآمدگی کیس میں اسلام آباد کی عدالت کی جانب سے جاری وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
پیر کو پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی وارنٹ گرفتاری معطلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا اور وزیراعلیٰ کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
وکیل وزیراعلیٰ نے مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد کی عدالت نے 21 جولائی تک وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کا حکم دیا۔تاہم عدالت کا حکم مقررہ تاریخ کے بعد ملا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور پہلے بھی عدالتوں میں پیش ہوتے رہے اور اب بھی پیش ہونا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
