خیبرپختونخوا، قدرتی آفات کی تباہ کاریاں، آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 9 جاں بحق


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور آسمانی آفات نے تباہی مچا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق باجوڑ، دیر لویر اور بالاکوٹ سے ہولناک واقعات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جہاں آسمانی بجلی گرنے، چھتیں گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد انسانی جانیں ضائع ہو گئیں، جب کہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
تحصیل سالارزو جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق علاقے میں شدید طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے، کئی افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
تحصیل میدان سوری میں طوفانی بارش کے باعث ایک رہائشی مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دبے 7 افراد کو نکال لیا گیا، جن میں سے 3 جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کا امکان ہے اور ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
ادھر بالاکوٹ کے علاقے مہانڈری میں واقع منور بیلہ کے مقام پر دیر سے تعلق رکھنے والے تین مزدور فلیش فلڈ کے باعث دو نالوں کے درمیان پھنس گئے تھے۔
تینوں افراد نوید اللہ، سجاد اور عیان خان ٹربائن پر کام کے بعد واپس جا رہے تھے جب طغیانی کی زد میں آ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو زندہ بچا لیا۔

WhatsApp
Get Alert