افغانستان سے 50 کلو چاندی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چاندی برآمد
یارو چیک پوسٹ پر کسٹمز اہلکاروں کی کارروائی، گاڑی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع

پشین (قدرت روزنامہ)
پاکستان کسٹمز پشین نے افغانستان سے چاندی اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹمز حکام کے مطابق یارو چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کے دوران ایک مشکوک گاڑی سے 50 کلوگرام چاندی برآمد کی گئی، جس کی بازاری مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق چاندی افغانستان سے پاکستان لائی جا رہی تھی، تاہم اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا اور اسمگل شدہ مال ضبط کر لیا۔
حکام نے گاڑی اور ضبط شدہ چاندی کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر کی نشاندہی کے لیے چھاپے بھی مارے جا سکتے ہیں۔
