ضلع کوئٹہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ سے رقوم وصول کرنے پر مکمل پابندی عائد

کسی بھی استاد یا سربراہ کو پیسے لینے کی اجازت نہیں، خلاف ورزی پر سخت محکمانہ کارروائی ہوگی،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ضلعی تعلیمی افسر کوئٹہ نے تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان، اساتذہ اور متعلقہ تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی کلاس کے طلبہ سے کسی بھی مد میں رقوم وصول نہ کی جائیں۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بعض اسکولوں میں اساتذہ کی جانب سے امتحانات یا دیگر بہانوں سے طلبہ سے رقم وصول کیے جانے کی شکایات موصول ہوئیں، جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی صورت ایک روپیہ بھی طلبہ سے نہیں لیا جا سکتا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بجٹ پہلے سے موجود ہے، لہذا کسی قسم کی مالی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ یا سربراہان کے خلاف بی ای ای ڈی اے ایکٹ 2011 کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
