وزیر اعلیٰ کا دورہ صحبت پور، بھاگ ناڑی میں شہد SHOکے لواحقین سے تعزیت؛ بچوں کی کفالت، ملازمتوں اور سڑک کی تعمیر کا اعلان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آج صحبت پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بھاگ ناڑی میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کے گھر آمد پر لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ نے شہید کانسٹیبل محمد اعظم کے ورثاء سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے پسماندگان کے لیے حکومتی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پسماندگان کی کفالت اور بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے بیٹوں کو بلوچستان پولیس میں ملازمت دی جائے گی اور شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کے گھر تک بلیک ٹاپ سڑک تعمیر ہوگی۔ اس کے علاوہ، شہداء کے نام سے بیسک ہیلتھ یونٹ اور اسکول منسوب کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی نعم البدل نہیں، حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ اور کانسٹیبل محمد اعظم کی بہادری پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں اور حکومت بلوچستان پولیس کے شہداء اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی مشینری پوری قوت سے متحرک رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ “بلوچستان کے عوام اور فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردوں کو شکست فاش ہوگی اور بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوکر رہے گا۔”
