وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا سنجاوی کا دورہ، ہسپتال کے نئے بلاک اور گرلز کالج کا افتتاح

"صحت و تعلیم اولین ترجیح"، پولی ٹیکنک اور کیڈٹ کالج منصوبے جون 2026 تک مکمل کیے جائیں: وزیراعلیٰ کی ہدایت بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی ترقی حاصل نہیں کر سکتا: میر سرفراز بگٹی


سنجاوی (ڈیلی قدرت کوئٹہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو ایک روزہ دورے پر سنجاوی پہنچے، جہاں انہوں نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور تعلیمی اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ، سردار کوہیار ڈومکی، پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی محمد نورزئی، میر اصغر رند، صوبائی سیکرٹری لعل جان جعفر، سیکرٹری داود خلجی اور ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑ بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دورے کے دوران تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سنجاوی کے نئے بلاک کا افتتاح کیا اور اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری صحت کی سہولتیں میسر ہوں اور اس نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔


اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سنجاوی کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی ترقی حاصل نہیں کر سکتا اور صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانا حکومت کی بنیادی پالیسی کا حصہ ہے۔


وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج سنجاوی اور قائداعظم کیڈٹ کالج سنجاوی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ زیر تکمیل دونوں اہم تعلیمی منصوبوں کو جون 2026 تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پولی ٹیکنک کالج کے لیے پہلے ہی 58 ملین روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 90 ملین روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ بروقت اور معیاری تکمیل ممکن ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی فلاح کے یہ منصوبے حکومت کے وژن کا عملی مظہر ہیں اور ان کی بروقت تکمیل سے عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

WhatsApp
Get Alert