کوئٹہ میں گیس غائب، عوام سردی میں ٹھٹھرتے رہ گئے — سوئی سدرن کی لوڈ شیڈنگ‘ شہریوں کا فوری نوٹس کا مطالبہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گیس کی شدید قلت نے شہریوں کی زندگی مفلوج کر دی ہے، بیشتر علاقوں میں گیس مکمل طور پر غائب ہونے سے عوام کھانا پکانے، گرم پانی کے حصول اور گھروں کو گرم رکھنے سے محروم ہیں۔ کلی درانی، شالدرہ، مدرسہ روڈ، فقیر محمد روڈ، کواری روڈ، نواں کلی، خروٹ آباد، سمنگلی روڈ، سریاب روڈ، جناح ٹاؤن، ہزارہ ٹاؤن اور سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں گیس بندش کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہر سال پریشر کی کمی کا بہانہ بناتی ہے، مگر مہنگے بلوں کے باوجود گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔ سردی میں بزرگ اور بچے ٹھٹھرتے رہ گئے ہیں جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عوامی و سیاسی حلقوں نے وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر گیس کی فراہمی بحال کی جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ پورے صوبے تک پھیل جائے گا۔
