27 ویں آئینی ترمیم ‘ محمود خان اچکزئی کی کال پر بلوچستان کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج ‘ فلگ شگاف نعروں کے ساتھ ریلیاں


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر صوبۂ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں نمازِ جمعہ کے بعد مساجد کے باہر پُرامن ریلیاں نکالی گئیں جن میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے مرکزی، صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلیوں میں شرکاء نے ’’ایسے دستور کو، صبحِ بے نور کو میں نہیں مانتا‘‘، ’’جمہوریت زندہ باد‘‘، ’’آمریت مردہ باد‘‘، ’’عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کرو‘‘، ’’تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’محمود خان اچکزئی زندہ باد‘‘ کے فلگ شگاف نعرے بلند کیے۔ رہنماؤں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اتحاد کی مرکزی قیادت—محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، سردار اختر جان مینگل، بیرسٹر گوہر خان، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ—اور مشترکہ اعلامیہ کی روشنی میں ہر قسم کے احتجاج کے لیے تیار رہیں اور آئین کے تحفظ، پارلیمنٹ کی بالادستی، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کی مخالفت، آزاد عدلیہ و میڈیا، اور جمہور کی حکمرانی کے لیے اپنا جمہوری کردار ادا کریں۔ رہنماؤں نے عوام سے سوشل میڈیا کے ذریعے اپیل کی کہ وہ تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں کیونکہ موجودہ حالات میں یہی تحریک عوام کی نجات کا واحد راستہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert