کوئٹہ سے ‘سوتیلی ماں’ جیسا سلوک بند کرے گیس کمپنی فوری پریشر بڑھائے — حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “سوتیلی ماں جیسا سلوک” قرار دیا جو کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اصغر ترین کی قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی شدید متاثر کر رکھی ہے۔ جتک کا کہنا تھا کہ کوئٹہ، زیارت، قلات اور خان مہترزئی جیسے شدید سرد علاقوں میں مناسب گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث قیمتی صنوبر کے جنگلات بے دردی سے کاٹے جا رہے ہیں اور لوگ ٹھنڈ سے بچنے کے لیے کڑی بوٹیوں اور لکڑی کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ سلسلہ صوبے کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم کے مترادف ہے اور ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے گیس حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ گیس پریشر بڑھانے اور سرد علاقوں میں بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کریں۔ — حاجی علی مدد جتک
