پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا ممتاز انسانی حقوق کے علمبردار ماما قدیر بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بلوچ مسنگ پرسنز تحریک کے نائب سربراہ، ممتاز انسانی حقوق کے علمبردار، جبری گمشدگیوں کے خلاف جدوجہد کی توانا آواز اور صبر و استقامت کی روشن مثال ماما قدیر بلوچ کے انتقال پر دلی رنج و غم اور گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماما قدیر بلوچ کا شمار اُن عظیم اور نڈر شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے ذاتی غم کو اجتماعی جدوجہد میں بدل کر مظلوم انسانوں، بالخصوص جبری گمشدگیوں کے متاثرہ خاندانوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی۔ ان کے انتقال کی خبر نے نہ صرف بلوچ عوام بلکہ تمام مظلوم اقوام، انسانی حقوق کے کارکنان اور انصاف پسند حلقوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ماما قدیر بلوچ نے اپنے بیٹے کی جبری گمشدگی اور بعد ازاں اس کی تشدد زدہ لاش ملنے جیسے ناقابلِ بیان سانحے کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا، بلکہ اپنے ذاتی دکھ کو طاقت بنا کر جبری گمشدگیوں کے خلاف ایک تاریخی اور بے مثال جدوجہد کا آغاز کیا۔ انہوں نے کوئٹہ سے اسلام آباد تک طویل اور صبر آزما لانگ مارچ کر کے ریاستی جبر، ماورائے عدالت اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ماما قدیر بلوچ نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے برسوں تک مسلسل احتجاجی کیمپ قائم رکھ کر یہ ثابت کیا کہ حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ان کا یہ پُرامن، مستقل اور اصولی احتجاج مظلوموں کے لیے امید کی کرن اور ظالم قوتوں کے لیے سوالیہ نشان بن گیا۔ ان کی جدوجہد نے جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماما قدیر بلوچ نے خوف، دباؤ، لالچ اور دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے مظلوموں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا حق ادا کیا۔ ان کی قربانیاں، جرات اور ثابت قدمی تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ آخر میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ماما قدیر بلوچ کے اہلِ خانہ، لواحقین، بلوچ مسنگ پرسنز تحریک کے کارکنان اور تمام بلوچ عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی جدوجہد کو قبول فرمائے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ صبر، حوصلے اور استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

WhatsApp
Get Alert