کوئٹہ مسائلستان بن گیا، گیس دھماکوں میں انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، حکمران بے حس ہیں: ، سوئی سدرن اور کیسکو کیخلاف سخت احتجاج کریں گے: پشتونخوا میپ

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں صوبہ بالخصوص کوئٹہ شہرمیں گیس، بجلی، پینے کے صاف پانی کی نایابی اور چوری ڈکیتی، بدامنی کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نااہل اور مسلط فارم 47کی حکومت کی عوام دشمن اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرپشن وکمیشن میں مصروف حکومت عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں اور مسلط نمائندوں کی عوامی مسائل کے حل میں غیر سنجیدگی نے کوئٹہ شہر کو مسائلستان میں تبدیل کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ کوئٹہ، پشین، زیارت میں گیس پریشر کی شدید کمی اور گیس کی بندش نے شدید سردی کے باوجو د گیس کی عدم فراہمی نے شہریوں کو سخت مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔گزشتہ ایک ہفتے میں تین سے چار گیس کے دھماکے ہوئے جن میں خواتین، بچے جھلس گئے ہیں اوریہ واقعات کئی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی عوام دشمنی پر مبنی اقدامات سے گریز نہیں کررہی ہے اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے بارہا کمپنی کے حکام سے ملاقاتوں میں طفل تسلیوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔موسم گرما کے دوران ہی حکام کو بروقت انتظامات پر زور دیا گیا تھاتاکہ پائپ لائنوں کی بچھائی، کنکشنز کی فراہمی، پریشر کی کمی جیسے مسائل کو حل کرکے موسم سرما میں گیس کی درست پریشر کے ساتھ تمام علاقوں میں یکساں فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی صارفین، شہریوں کو گیس کی فراہمی میں ناکام رہی ہے۔ اسی طرح زیارت شہر کے علاوہ کسی بھی علاقے میں گیس موجود نہیں، زیارت بازار میں بھی گیس میسر نہیں اور شہری باامر مجبور قیمتی جنگلات درختوں کی کٹائی میں مصروف ہیں۔ جو کہ از خود نہ صرف جرم ہے بلکہ قیمتی جنگلات کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ اسی طرح پشین بازار کے علاوہ پورے ضلع پشین میں گیس کی سہولت سے عوام کو محروم رکھا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کی پیداوار ملک کے تمام علاقوں تک پہنچ چکی لیکن آج بھی تمام صوبہ اس سے محروم ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ، پشین، زیارت میں شہریوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔یہی صورتحال کیسکو کی ہے کہ بجلی کی مسلسل بندش، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کے کم وولٹیج کے ساتھ فراہمی، آئے روز ٹرانسفارمرز کی خرابی، معمولی بارش میں نئے تنصیب میٹرز کے ناکارہ ہونے جیسے مسائل نے عوام کو ذہنی کوفت کا شکار بنادیاہے۔ کوئٹہ شہر میں چوری،ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچارہیں۔ عوام کی تحفظ میں پولیس نہ صرف ناکام ہوچکی ہے بلکہ شہریوں کو مختلف حیلوں وبہانوں سے تنگ کرنے، تجاوزات، ٹریفک کے قوانین کے نام پر لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کو امن، بجلی، گیس، پینے کا صاف پانی، روزگار کی فراہمی کے لیے اقدامات کیئے جائیں۔ اور ایسا نہ ہونے کی صورت میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے تمام علاقائی یونٹس، چاروں تحصیلوں اور پھر ضلع کوئٹہ کی سطح پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف سخت احتجاج پر مجبور ہوں گی۔ جس کی ذمہ داری حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی پر عائد ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert