صوبائی حکومت ناکام ہوچکی، عوام مایوسی کا شکار ہیں، حقیقی نمائندوں کو اقتدار سونپا جائے: جمعیت علمائے اسلام


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء  اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی زیرِ صدارت صوبائی مجلسِ عاملہ اور پارلیمانی اراکین کا ایک مشترکہ و اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ، شہباز ٹاؤن کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومتی طرزِ حکمرانی، انتظامی ناکامیوں اور عوام کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی اور سنجیدہ غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران صوبے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود کی جانب سے پیش کردہ مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء  اسلام کی جانب سے اپنے آئینی، سیاسی اور جمہوری دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی، اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جماعت ہر سطح پر عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔اجلاس میں صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور بلوچستان کی مجموعی بحرانی کیفیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء  کا متفقہ مؤقف تھا کہ حکومت کی مسلسل ناکامیوں کے باعث عوام مایوسی، بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے الزام تراشی اور بلیم گیم کی روش ترک کرے اور عملی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ شرکاء  نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کو جو نسبتاً ہموار میدان میسر آیا، وہ ماضی کی کسی حکومت کو حاصل نہ تھا، اس کے باوجود اگر حکومت عوامی خدمت اور گورننس میں ناکام ثابت ہو رہی ہے تو یہ اس کی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ ایسی صورتِ حال میں حقیقی عوامی نمائندوں کو اقتدار سونپنا ہی واحد جمہوری اور عقلی راستہ ہے۔اجلاس میں جمعیت علماء  اسلام کے تنظیمی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جن کی تفصیلات باقاعدہ سرکولرز کے ذریعے متعلقہ ذمہ داران تک پہنچائی جائیں گی۔ اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی سیاسی حالات کا جامع جائزہ لیا گیا اور اس تناظر میں قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمٰن اور مرکزی جماعت کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت علماء  اسلام ایک ذمہ دار، اصولی اور عوام دوست سیاسی قوت کے طور پر ملک و صوبے کو درپیش چیلنجز کے مقابلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert