بلوچستان میں لیویز کا نظام ختم، پولیس میں ضم کر دی گئی، یکساں قانون نافذ، ریاست کیخلاف پروپیگنڈا روکنے کیلئے “سینٹر آف ایکسیلینس” قائم: وزیراعلیٰ کا بڑا اعلان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ تشدد سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انتہائی اہم اور بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے بلوچستان میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کر دیا گیا ہے جس کے بعد بلوچستان میں یکساں قانون کے نفاذ سے متعلق ایک دیرینہ انتظامی ابہام ختم ہو گیا ہے، اس فیصلے سے ریاستی ذمہ داری واضح اور عوام کے تحفظ کا دائرہ مزید مضبوط ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا معاشرتی انتشار اور تشدد کو جنم دیتا ہے، نوجوانوں کو درست سمت دکھانا اور حقائق سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلینس تحقیق، آگاہی اور انسدادِ تشدد کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا اور انتہاپسندی کے تدارک کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور جدید حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت بیانیے کو فروغ دیا جائے گا کیونکہ امن و امان کے قیام کے لیے نوجوانوں کی شمولیت اور شعور بیداری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
