کوئٹہ میں سابق لیویز اہلکاروں کی جدید تربیت کا آغاز، 772 جوان پولیس کا حصہ بننے کے لیے تیار

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبے میں پولیسنگ کی معیار سے مراد ایسا پولیسنگ نظام ہے جو صرف قانون نافذ کرنے تک محدود نہ ہو بلکہ پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت پر مبنی ہو۔بلوچستان پولیس کے زیرِ انتظام پولیس ٹریننگ کالج (پی ٹی سی) کوئٹہ میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سابق لیویز اہلکاروں کے لیے رہائشی اور بنیادی سہولیات میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے، جس کے باعث تربیتی ماحول کو مزید مو ¿ثر اور سہل بنایا گیا ہے۔ اس وقت مجموعی طور پر 772 سابقہ لیویز اہلکار پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں تربیت اور رہائش کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔بلوچستان میں بی ایریا سے اے ایریا میں ضم ہونے والے سابق لیویز اہلکاروں کو بہترین سطح پر تربیت کا کام یکم جنوری 2026سے شروع ہو چکاہے یہ تربیتی پروگرام تین ماہ پر مشتمل ہو گا۔دوران ٹریننگ جوانو ں کو جسمانی تربیت ، ہتھیاروں کا استعمال، نشانہ بازی ،دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے کی مہارت دی جاتی ہیں۔ جبکہ اس کا بنیادی مقصد ہے کہ تما م صوبو ں کے اضلاع میں یکساں عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کی مو ثر روک تھام اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کا فروغ ہوں۔بلوچستان پولیس کو پیشہ ورانہ تربیت کے تحت اہلکاروں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جس میں تفتیشی مہارتوں کی بہتری اور قانونی آگاہی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے شہریوں کے ساتھ باوقار، غیر جانبدار اور منصفانہ سلوک جبکہ قانون کی یکساں عملداری کے تحت بلا امتیاز قانون کے نفاذاورجرائم کی پیشگی روک تھام کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ پولیسنگ اور کمیونٹی کی شراکت کو بھی فروغ دی جا رہی ہے۔اس حوالے سے کمانڈنٹ پی ٹی سی نے بتایا کہ تربیت کے دوران زیر تربیت اہلکاروں کو بہتر اور معیاری تربیتی ماحول فراہم کرنے کے لیے رہائشی بلاکس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ اہلکاروں کو آرام دہ اور محفوظ رہائش سہولیات میسر آ سکے۔ انہوں نے بتا یا کہ اہلکاروں کے لیے موجودہ اورایک اور نیا تعمیر شْدہ میس ہال میں صاف اور معیاری کھانا فراہم کرنے کی سہولیات موجود ہیں جہاں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق غذائی معیار اور نظم و ضبط کو یقینی بنایاگیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اہلکاروں کی جسمانی فٹنس اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جدید فٹسال گراونڈ قائم کیا گیا ہے، جبکہ پریڈ گراونڈ کو تربیتی تقاضوں کے مطابق بہتر ہموار اور محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ عملی تربیت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ اس کے علاوہ ہاسٹلز اور گراونڈز کے مجموعی ماحول کو خوشگوار اوربہتر بنانے کے لیے فوارے بھی نصب کیے گئے ہیں، جس سے ماحوال میں صفائی اور خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج شہزاد اکبر نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد سابق لیویز اہلکاروں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت کو مزید مو ¿ثر بنانا ہے، تاکہ وہ بلوچستان پولیس میں باقاعدہ طور پر شامل ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے، عوامی خدمت اور امن و امان کے قیام میں اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس ٹریننگ کالج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
