مشرق وسطیٰ میں جنگ کے شعلے، پاکستان کی واضح پالیسی کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان


اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور ایران کے خلاف سامراجی عزائم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پارلیمنٹ کا فوری مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، مصطفی نواز کھوکھر اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ جنگ عظیم دوم کے بعد کا عالمی نظام زوال پذیر ہے، اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے اور اقوام متحدہ بے معنی ہو چکا ہے لہٰذا حکومت فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر اجتماعی دانش کے ذریعے قومی پالیسی مرتب کرے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف سامراجی قوتیں گھیرا تنگ کر رہی ہیں اور مغربی میڈیا کے ذریعے ایران کی خودمختاری پر حملہ کرنے کا ماحول بنایا جا رہا ہے جو کہ پاکستانی عوام کیلئے باعث تشویش ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے تجویز دی ہے کہ حکومت خطے پر اثرات کے حوالے سے ہمسایہ ممالک کا اجلاس بلائے تاکہ مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert