اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن کا بڑا ایکشن، سینیٹرز اور ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل، اختر مینگل، قائم علی شاہ اور حافظ نعیم الرحمن سمیت درجنوں ارکان غیر فعال

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مالی سال 2024-25 کے لیے اپنے اور اپنے زیر کفالت اہل خانہ کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات مقررہ تاریخ تک جمع نہ کرانے پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے متعدد ارکان کی رکنیت معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 137 کے تحت جاری کردہ احکامات کے مطابق جن ارکان نے 15 جنوری تک اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے، وہ فوری طور پر بطور ممبر اسمبلی غیر فعال ہو گئے ہیں اور تفصیلات جمع کرانے تک پارلیمانی امور میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔
معطل ہونے والے نمایاں ارکان میں سینیٹ کے 9 ارکان بشمول مصدق ملک، عابد شیر علی، مراد سعید اور احمد خان شامل ہیں ، جبکہ قومی اسمبلی کے 32 ارکان بشمول خالد مقبول صدیقی، اختر مینگل، سید علی موسیٰ گیلانی اور سید عبدالقادر گیلانی کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے ۔
صوبائی سطح پر پنجاب اسمبلی کے 50 ارکان ، سندھ اسمبلی کے 33 ارکان بشمول سید قائم علی شاہ، سعید غنی اور حافظ نعیم الرحمن ، اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے 28 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے ۔ بلوچستان اسمبلی کے 7 ارکان بھی اس کارروائی کی زد میں آئے ہیں جن میں فیصل خان جمالی (PB-17)، محمد زرین خان مگسی (PB-22)، میر ظفر اللہ خان زہری (PB-35)، ملک نعیم خان بازئی (PB-38)، بخت محمد (PB-39)، زرک خان (PB-42) اور صفیہ (مخصوص نشست برائے خواتین) شامل ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ارکان گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے تک کسی بھی قانون سازی یا پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے ۔
