بارش برسانے والا مغربی ہواوں کا سلسلہ بلوچستان سے نکل گیا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت برقرار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا مغربی ہواوں کا سلسلہ بلوچستان سے نکل گیا ہے، جس کے بعد کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف جبکہ موسم سرد ہو گیا ہے۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں صفر ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1، ژوب میں 2، سبی میں 11 اور تربت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ چمن میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسم نسبتا معتدل رہا، جہاں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور جیوانی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے اور رات کے وقت خنکی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمالی ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
