کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس آج شام سے بحال، دہشتگردوں کے حملے ناکام بنا دیے گئے: صوبائی حکومت


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا افیئرز شاہد رند اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس آج شام سے بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کے حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں اور صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ میٹرک کے امتحانات اور پولیو ویکسینیشن مہم معمول کے مطابق جاری رہے گی تاکہ طلبہ اور بچوں کی تعلیم و صحت پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔
پریس کانفرنس میں 31 جنوری کے واقعات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریڈ زون کے علاقے پر مسلح افراد نے حملے کی کوشش کی تھی، تاہم عوام کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باعث سکیورٹی فورسز کو فوری اور مؤثر ردعمل میں مشکلات پیش آئیں، اس کے باوجود حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان آئندہ چند روز میں ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں مزید اہم اعلانات متوقع ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے نوشکی جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی صحت کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے تصدیق کی کہ نوشکی اور مستونگ کی جیلوں پر حملے ہوئے تھے، جن کے نتیجے میں چند قیدی فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ 31 جنوری کو صوبے کے تقریباً 12 مقامات پر ہونے والے حملوں میں زخمی ہونے والوں کو تمام دستیاب طبی سہولیات اور مکمل علاج فراہم کیا گیا ہے۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ تھانوں اور دیگر مقامات سے لوٹ مار میں ملوث عناصر کی شناخت کر لی گئی ہے اور متعلقہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے اور صوبے میں امن و امان کی مکمل بحالی کے لیے مسلسل آپریشن جاری ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

WhatsApp
Get Alert