عید الفطر سے قبل عمان میں مارچ کی تنخواہوں کی ادائیگی، آخری تاریخ 18 مارچ مقرر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)خلیجی ملک عمان نے خوشخبری سنائی ہے کہ عید الفطر کے موقع پر مارچ 2026 کی تنخواہیں قبل از عید ادا کی جائیں گی۔
وزارت محنت کے مطابق عید الفطر 1447 ہجری کے موقع پر تمام نجی شعبے کے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مزدوروں کی مارچ 2026 کی تنخواہ وقت سے پہلے ادا کی جائے، اور اسے بدھ، 18 مارچ سے زیادہ دیر تک ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ اس اقدام کا مقصد مزدوروں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔
پاکستان میں بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام محکموں کے ملازمین، پنشنرز اور دیگر مستحقین کو مارچ 2026 کی تنخواہیں، پنشن اور تمام الاونسز عید سے پہلے فراہم کیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق تمام مسلم ملازمین، پنشنرز اور ورک چارجڈ یا کانٹجنٹ پیڈ اہلکار 16 مارچ 2026 تک مکمل تنخواہ، پنشن اور الاونس حاصل کریں گے۔ متعلقہ حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری محکمے پے رول اور پنشن کے عمل کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کریں تاکہ فنڈز عید کی تعطیلات سے قبل ملازمین اور پنشنرز کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو جائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس بار رمضان کے 30 روزہ روزے مکمل ہو چکے ہیں اور عید الفطر کی پیش گوئی کے مطابق ہفتہ، 21 مارچ 2026 کو ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert