سینئر اداکار جان بوجھ کر نئے فنکاروں کو غیر آرام دہ محسوس کرواتے ہیں، سیٹ پر کام کے دوران دھیان بٹانے کی کوششیں کی جاتی ہیں: عینا آصف

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ عینا آصف کی جانب سے سینئر اداکاروں کے رویوں پر کی جانے والی تنقید کے بعد معروف اداکارہ علیزے شاہ نے بھی ان کے موقف کی بھرپور حمایت کر دی ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عینا آصف نے انکشاف کیا تھا کہ بڑے اسٹارز اور سینئر اداکار سیٹ پر نئے یا چھوٹے اداکاروں کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ٹوکتے ہیں اور بلاوجہ ان میں خامیاں نکالتے ہیں۔ عینا کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی جونیئرز کی عام سی بات پر سینئرز ایسے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں جیسے کوئی بہت بڑی حماقت کر دی گئی ہو، اور یہ سب محض اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ نیا اداکار غیر آرام دہ محسوس کرے۔

عینا آصف نے مزید تلخ حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات جب وہ کوئی اہم سین ریکارڈ کروا رہی ہوتی ہیں، تو سینئر اداکار جان بوجھ کر باتیں شروع کر دیتے ہیں یا ایسی حرکتیں کرتے ہیں جس سے ان کا دھیان بٹ جائے۔
عینا آصف کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو اداکارہ علیزے شاہ نے اسے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے عینا کو اس دور کی بہترین اور ذہین اداکارہ قرار دیا۔ علیزے شاہ نے عینا کے موقف کی تائید کرتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے یہ سب صرف ان کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ ہوتا ہے جن کا شوبز میں کوئی خاندانی بیک گراؤنڈ نہیں ہوتا۔ علیزے نے مزید کہا کہ انہیں عینا آصف پر فخر ہے کہ انہوں نے سب کے سامنے اس حساس موضوع پر آواز اٹھائی۔
