صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے ہر شہری کے تحفظ کیلئے متحرک، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: بابر یوسفزئی


بھاگ ناڑی/کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھاگ ناڑی میں کم عمر لڑکی کے اغوا کے دلخراش واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور بچی کی بازیابی کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ معاون برائے داخلہ حکومتِ بلوچستان، بابر یوسفزئی کے مطابق وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی سبی کو خصوصی ٹاسک دیا ہے کہ وہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مغویہ بچی کی باحفاظت بازیابی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔
بابر یوسفزئی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور اس حساس معاملے میں کسی بھی قسم کی انتظامی یا پولیس کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا موقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے کہ وہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور صوبے کے کسی بھی حصے میں ہونے والے ظلم یا ناانصافی کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert