بینظیر بھٹو کی برسی چھوڑ کر زرداری کی اسلام آباد آمد معنی خیز قرار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے گذشتہ رات اسلام آباد میں کچھ شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہیں۔
گوکہ جے یو آئی کے ذرائع اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کر رہے لیکن گزشتہ دنوں زرداری کے ایک ’’پیغامبر‘‘ نے کراچی میں فضل الرحمان سے ایک تقریب میں شرکت کے دوران ملاقات کی تھی اور دونوں شخصیات کی ملاقات کیلئے وقت اور مقام کا تعین بھی کیا گیا تھا۔
ایک ایسے موقع پر جب آج (پیر) بینظیر بھٹو کی 14ویں برسی کی تعزیتی تقاریب منائی جارہی ہیں ، آصف علی زرداری کی اسلام آباد آمد کو خاصا معنی خیز اور اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ وہ اپنی شریک حیات کی برسی کے موقعہ پر ہونے والے اجتماع میں بھی شرکت نہیں کریں گے اور اسلام آباد میں ہی کچھ دن قیام کریں گے۔
یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بینظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے ایک تعزیتی پیغام جاری کر دیا ہے،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے گزشتہ کچھ دنوں سے ملکی سیاست میں تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیش نظر جن میں بعض اہم فیصلوں کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں بالخصوص نواز شریف کی وطن واپسی اور اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی ڈیل کی خبریں شامل ہیں۔آصف علی زرداری خاصے فعال ہیں، حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بلاول کی سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں اور کافی دنوں سے بلاول سیاسی منظر سے اوجھل ہیں۔آصف زرداری کی اچانک اسلام آباد آمد کو قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے تناظر میں بھی دیکھا جارہا ہے۔