ڈھاڈر،بولان کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ، 10 سالہ بچی جاں بحق

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بولان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈھاڈر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ جاری بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کا ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک 10 سالہ بچی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈھاڈر اور پولیس ذرائع کے مطابق زراعت کالونی میں آسمانی بجلی گرنے سے 10 سالہ ماہ بی بی شدید متاثر ہوئی اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور غمزدہ خاندان میں کہرام مچ گیا۔بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا یہ سلسلہ ڈھاڈر میں وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے دوران زراعت دفتر میں نصب بجلی کا ٹرانسفارمر بھی آسمانی بجلی کی زد میں آ کر دھماکے سے تباہ ہو گیا، جس سے علاقے کی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں تاکہ مزید کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
