ایران جنگ کے باوجود ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ، حقائق سامنے آگئے

کراچی(قدرت روزنامہ)ایران جنگ کے باوجود مارچ کے دوران پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ہوا اور رواں مالی سال کی بلند ترین سطح پر 3.8 ارب ڈالرز کی ریکارڈ ترسیلات موصول ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ترسیلاتِ زر کے اعدادوشمار جاری کردئیے۔ فروری کے مقابلے میں مارچ کے دوران ترسیلاتِ زر میں 17فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 4ارب ڈالرز کے مقابلے میں 5فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باوجود تمام ممالک سے رقوم کی پاکستان آمد میں اضافہ نوٹ کیا گیا اور جولائی سے مارچ کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر کا حجم 30اعشاریہ 321ارب ڈالرز تک جا پہنچا جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے 28ارب ڈالرز سے 8.2فیصد زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے یوروبانڈز کی مد میں 1.4ارب ڈالرز کی ادائیگی کی جبکہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو مزید 3.5ارب ڈالرز کی ادائیگی سے زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ میں اضافے کا خدشہ ہے جو 27مارچ کو 16اعشاریہ 5ارب ڈالرز کی سطح پر موجود تھے۔
