سابق چیف سیکرٹری کی اضافی مراعات کا معاملہ، بلوچستان حکومت نے سابق دور کے نوٹیفکیشن سے لاتعلقی ظاہر کردی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)معاونِ خصوصی وزیر اعلی بلوچستان شاہد رند نے واضح کیا ہے کہ چیف سیکرٹری کے منصب سے ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی مراعات سے متعلق نوٹیفکیشن سابق دور حکومت میں جاری کیا گیا تھا، جس سے موجودہ صوبائی حکومت اصولی طور پر اتفاق نہیں رکھتی۔اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سابق حکومت نے ہی دائر کی تھی، جبکہ موجودہ حکومت نے نہ تو اس نوٹیفکیشن کا دفاع کیا ہے اور نہ ہی کسی مرحلے پر اس کے حق میں اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت کا موقف شروع دن سے واضح اور دوٹوک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے اور اسے صرف عوامی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی سول سروسز میں مراعات کا باقاعدہ مالی چارٹ موجود ہے جبکہ بلوچستان میں بھی مراعات کے لیے ایک واضح اور منظم شیڈول نافذ ہے، جس کی روشنی میں ہی تمام امور طے کیے جاتے ہیں۔شاہد رند نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صوبائی حکومت مذکورہ نوٹیفکیشن اور اس کے تحت دی جانے والی اضافی مراعات کی حمایت نہیں کرتی اور مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے شفاف اور اصولی پالیسی پر کاربند ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایسے تمام اقدامات سے گریز کرے گی جو قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے کا سبب بنیں، اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ وسائل کا استعمال صرف عوامی بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert