بلوچستان : ایم ایٹ شاہراہ پر مسافر کوچ حادثے کا شکار، 8 افراد جاں بحق 18 زخمی، ریسکیو ذرائع

جھل مگسی (ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں خاران سے لاڑکانہ جانے والی ایک مسافر کوچ کو ایم ایٹ (M-8) شاہراہ پر باریجہ کے علاقے میں حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا پھیل گئی کے مطابق مسافر کوچ خاران سے سندھ کے شہر لاڑکانہ جا رہی تھی کہ دوران سفر باریجہ کے قریب اچانک حادثے کا شکار ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں تیز رفتاری، سڑک کی خراب صورتحال یا ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہونا شامل ہو سکتے ہیں، تاہم اصل وجہ کا تعین حکام کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا ۔
یو این اے کے مطابق حادثے کے فوری بعد مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو گاڑی سے نکالنے کا عمل شروع کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 18 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے بی ایچ یو باریجہ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں طبی عملہ زخمیوں کو ضروری علاج فراہم کر رہا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ باریجہ اور گردونواح میں ایمبولینس سہولت نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے نجی گاڑیوں اور مقامی وسائل کا سہارا لینا پڑا، جس پر شہریوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی باریجہ پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کی روانی بحال کرنے اور امدادی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے سے متعلق مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
