شہبازشریف نے میری ذمہ داری لگائی ہے کہ 23 مارچ دما دم مست قلندرہوجائے:مولانا فضل الرحمن

پشاور(قدرت روزنامہ)شہبازشریف نے میری ذمہ داری لگائی ہے کہ 23 مارچ دما دم مست قلندرہوجائے:مولانا فضل الرحمن نے اپنی نیت ظاہر کردی،اطلاعات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان نوازشریف کا وطن، ن لیگی قائد واپس آئیں، موجودہ حکومت ناجائز اور نااہل ہے ، عوام مسائل کے گرداب میں دھنس گئے ، مہنگائی سے جینا دوبھر ہوگیا ہے اور23مارچ کو شروع ہونے والا مارچ حکمرانوں کی رخصتی کا آغاز ہوگا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام(ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے والے منی بجٹ پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ منی بجٹ پر قومی اسمبلی میں کوئی بحث نہیں ہوئی،ایک نیا بل تیار کیا جارہا ہے جس میں اسٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے کنٹرول میں چلا جائے جائے،حکومت اب بھی جو قرضے لے رہی ہے وہ کمرشل بنکوں سے لے رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ کو اسلام اباد کی طرف مارچ کریں گے ، اس حوالے سے پنجاب میں شہباز شریف اور کے پی میری ذمہ داری لگائی گئی، مہنگائی مارچ کی تیاریاں جاری ہیں ، ناجائز اور نااہل حکومت نے ملکی معیشت تباہ کر دی ہے ، اس صورتحال سے ملک کو نکالنا قومی فریضہ ہے ، بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت کو شکست بھی اپوزیشن کی فتح ہے ، ثابت ہو گیا کہ عوام کو حکومت پر اعتماد نہیں ہے ، اگلا مرحلہ حکمران جماعت کے لیے اس سے بھی برا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پہلے دھرنے اور اب میں فرق ہے ، پی پی پی اور اے این پی کو کبھی بھی اپنا مخالف نہیں سمجھا ، حکمران خوش نا رہیں کہ اپوزیشن آپس میں لڑ رہے ہیں ہم دیگر پارٹیوں کو بھی اپوزیشن کا حصہ سمجھتے ہیں ، ہم ملک میں رہتے ہوئے خود مختار ہیں ، نواز شریف واپس آئیں ان کا وطن ہے ، افغانستان میں امن کی ضرورت ہے اس کے لیے ہمیں بھی کوشش کرنی ہوگی۔