دوحا میں کل امن مذاکرات؛ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی تصدیق؛ ایران نے تردید کردی

کل دوحا میں امریکا کیساتھ مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ایران


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور سابق سینئیر مشیر جیرڈ کشنر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایرانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ امریکی وفد دوحا روانہ ہو گا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ مفاہمتی یادداشت پر جاری بات چیت کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی سوشل میڈیا پر اعلان کرچکے ہیں کہ ایران نے ملاقات کی درخواست کی اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات منگل کو دوحا میں ہوں گے۔
تاہم ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں امریکی حکام کے ساتھ کسی بھی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
امریکا اور ایران کے متضاد بیانات کے باعث دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے انعقاد سے متعلق صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید وضاحت سامنے آنے کا امکان ہے۔

WhatsApp
Get Alert