خاران میں امن و امان کی صورتحال کے خلاف دوسرے روز بھی شٹر ڈاؤن، تاجروں کے مؤثر کارروائی کا مطالبہ

خاران(قدرت روزنامہ)امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں، اور تاجروں کو درپیش عدم تحفظ کے خلاف انجمن تاجران خاران کی اپیل پر شہر بھر میں دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری رہی۔
شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں، جبکہ تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور خاران میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
انجمن تاجران خاران نے کہا کہ تاجری برادری اس وقت شدید عدم تحفظ کا شکار ہے اور اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔
