مستونگ میں سیشن جج پر حملہ ریاست، عدالتی نظام اور آئین پر حملہ ہے؛ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز و فیصلہ کن کارروائی کی جائے :نوابزادہ جمال رئیسانی
ریاست دہشت گردوں کو انہی کی زبان میں جواب دے، باشعور عوام فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: رکن قومی اسمبلی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کو نشانہ بنانا ریاست کی رٹ، عدالتی نظام اور آئین پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس حملے میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز، فوری اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت آچکا ہے کہ ریاست کو دہشت گردوں کو انہی کی زبان میں ایسا سخت جواب دینا ہوگا کہ آئندہ کوئی بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی جرات نہ کرے۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کے ان کے آقاؤں کے تمام ناپاک عزائم ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔ بلوچستان کے باشعور عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور دشمن کے ہر مذموم منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔
آخر میں انہوں نے بارگاہ الٰہی میں دعا کی کہ وہ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور واقعے میں زخمی ہونے والوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔
