لاہور میں وکلاء پر مبینہ تشدد کی مذمت، عمران خان کی رہائی کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی کے چیئرمین علی احمد کرد اور بلوچستان بار کونسل کے رکن و مرکزی انفارمیشن سیکرٹری راحب خان بلیدی نے اپنے مشترکہ بیان میں لاہور کے ایوانِ عدل کے سامنے عمران خان کی رہائی کے حق میں ہونے والے احتجاج کے دوران مظاہرین پر پولیس کے مبینہ تشدد اور لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو طاقت کے ذریعے روکنے کی کوشش کی، تاہم اس کے باوجود ہزاروں وکلاء، شہریوں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے احتجاج میں شرکت کی۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ غیر جمہوری قوتوں نے پرامن احتجاج کو پرتشدد بنایا۔ رہنماؤں کے مطابق عمران خان کو جیل میں تین سال مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ملک میں جمہوریت، اظہارِ رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کو چیلنجز کا سامنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے بعد عدالتی نظام غیر مؤثر ہو چکا ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
علی احمد کرد اور راحب خان بلیدی نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے کسی کو جمہوری جدوجہد سے نہیں روکا جا سکتا اور نہ ہی جیلوں میں قید کرکے سیاسی تحریکوں کا خاتمہ ممکن ہے۔

WhatsApp
Get Alert