تربت میں جشن آزادی کی شاندار ریلی؛ پاکستان ہمیں تحفے میں نہیں ملا، لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے: حاجی برکت رند

نفرت، تعصب اور انتشار کے بجائے اتحاد اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا: صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی


نوجوان صرف مستقبل نہیں آج کا پاکستان ہیں، مایوسی کے بجائے اتحاد اور امید پیدا کریں: رہنمائوں کا خطاب
تربت (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 14 اگست جشن آزادی پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند کی سربراہی میں تربت میں شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی معتبر حاجی برکت رند کی ہاس سے شروع ہوئی۔ ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری اور صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ظہور احمد بلیدی، مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما میر عطا اللہ محمد زئی، مسلم لیگ ن ضلع کیچ کے صدر حاجی سلمان رند، ضلعی نائب صدر حاجی ارشاد ڈھنڈائی اور یوسی چیئرمین خلیل رند شامل تھے۔ ریلی کے دوران معتبر حاجی برکت رند نے پاکستان کا پرچم تھامے پاکستان زندہ باد، پاک فوج اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد کر نعرے لگائے رہے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما معتبر حاجی برکت رند نے کہا کہ 14 اگست صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔ پاکستان ہمیں تحفے میں نہیں ملا بلکہ اس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم محض کپڑے کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ اس میں شہیدوں کا خون، ماں کی دعائیں، بزرگوں کی قربانیاں اور ایک آزاد قوم کا خواب شامل ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے اور وطن کے خلاف سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے، بلوچستان کے عوام کو خوش رکھے اور ہر پاکستانی کو اپنے وطن کی خدمت اخلاص و دیانت کے ساتھ کرنے کی توفیق دے۔

جبکہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ ہمیں نفرت، تعصب اور انتشار کے بجائے اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل حالات کا مقابلہ کیا اور اپنے پرچم کو سربلند رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تربت اور بلوچستان کی سرزمین سے پوری دنیا کو پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان ہمارا وطن، ہماری پہچان اور آنے والی نسلوں کی امانت ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، بہتر زندگی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔مسلم لیگ ن ضلع کیچ کے صدر حاجی سلمان رند کہا کہ بلوچستان کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نوجوان صرف ملک کا مستقبل نہیں بلکہ آج کا پاکستان ہیں۔ اگر ان کے ہاتھ میں قلم، سینے میں ایمان، کردار میں دیانت اور دل میں پاکستان کی محبت ہو تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستانی قوم کو ترقی سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرنا ہے، نفرت نہیں بلکہ اتحاد پھیلانا ہے، مایوسی نہیں بلکہ امید پیدا کرنی ہے اور صرف باتیں نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے ہیں۔ قومیں صرف نعروں سے نہیں بلکہ کردار سے بنتی ہیں، جبکہ ملک صرف حکومتوں سے نہیں بلکہ عوام کی محنت اور قربانیوں سے ترقی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کے ساتھ کیا کہ پاکستان تھا، پاکستان ہے اور ان شا اللہ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert