پاکستان آئیڈل جیتنے والی فیصل آباد کی حرا قیصر کو کتنی انعامی رقم ملی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان آئیڈل کا دوسرا سیزن فیصل آباد کی حرا قیصر کے نام رہا جنہوں نے اتوار کو ہونے والے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان آئیڈل کا ٹائٹل جیتنے والی حرا قیصر کا تعلق متوسط گھرانے سے ہے ، انہوں نے پورے مقابلے میں شاندار پرفارمنس دکھا کر لوگوں اور ججوں کے دل جیتے۔
حرا قیصر کا کہنا تھا کہ ‘اب وہ اپنے خواب پورے کریں گی، ان کی یہ کامیابی ان کے والدین اور گھر والوں کی دعاؤں کے باعث ممکن ہوئی’۔
دوسری طرف حرا قیصر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری پوری فیملی اس سفر میں مجھے بہت سپورٹ کرتی رہی، امی، بہنیں اور شوہر! پہلے پہل میرے بھائی کو تھوڑا مسئلہ تھا مگر پھر اُنہوں نے بھی ساتھ دینا شروع کردیا اور کہا کہ تم یہ مقابلہ جیتو گی‘۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’موسیقی کے حوالے سے مجھے جو کچھ بھی آتا ہے وہ سب میرے والد قیصر علی کی وجہ سے ہے جو 8 سال پہلے اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں‘۔
حرا نے بتایا کہ ’میں نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور پھر 2013 میں میری شادی ہوگئی‘۔
انعامی رقم کی بات کی جائے تو گلوکارہ کو مقابلہ جیتنے پر 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔
اس حوالے سے پاکستان آئیڈل سیزن ٹو کی فاتح قرار پانے پر ملنے والے انعام کے بارے میں حرا قیصر کا کہنا تھا کہ ’مجھے 15 لاکھ روپے انعام ملے گا، میں نے پہلے دن سے ہی یہ سوچ رکھا تھا کہ اگر میں یہ مقابلہ جیت گئی تو ملنے والی انعامی رقم سے اپنے بچوں کے لیے چھت بناؤں گی‘۔

WhatsApp
Get Alert