اسٹریٹیجک منصوبے محض ترقیاتی سرگرمیاں نہیں، بروقت تکمیل اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے: چیف سیکرٹری شکیل قادر خان

عوام کو بنیادی سہولیات، صاف پانی اور روزگار کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے: شکیل قادر خان


ماشکیل ڈیم اور فائبر آپٹک منصوبوں کی تکمیل سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے: چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 3ستمبر: ـچیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اسٹریٹیجک منصوبے محض ترقیاتی سرگرمیاں نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات، بہتر تعلیم، صاف پانی، روزگار، سفری سہولت، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی مواقع فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا براہِ راست تعلق عوام کی روزمرہ زندگی سے ہے، اس لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹریٹیجک پروجیکٹس میں پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی پیشرفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان میں متوازن اور پائیدار ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور صوبے کے عوام کا معیارِ زندگی بلند ہو۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد، پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، پیپلز ٹرین کے آغاز، آر او اور الٹرا فلٹریشن پلانٹس، کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ، منی سولر ہومز سلوشن، ماشکیل ڈیم، شرمپ ہیچری سمیت دیگر اہم منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کے منصوبے میں ان تعلیمی اداروں کو ترجیح دی جائے گی جہاں طلبہ کا داخلہ زیادہ ہے اور موجودہ سہولیات طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔ اسکولوں اور آئی ٹی سینٹرز کو فائبر آپٹک سے منسلک کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے طلبہ، اساتذہ اور عوام کو ڈیجیٹل تعلیم، آن لائن خدمات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اس وقت 94 سائٹس پر کام جاری ہے جبکہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 725 مقامات کو فائبر آپٹک نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اس لیے حکومت ایسے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پیپلز ٹرین کا منصوبہ عوام کو محفوظ، باکفایت اور بہتر سفری سہولت فراہم کرے گا۔ کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ اور منی سولر ہومز سلوشن کے منصوبوں کو بھی عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ ان منصوبوں کے ذریعے زرعی اراضی کو قابلِ کاشت بنانے، دور دراز علاقوں میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ ماشکیل ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ ایک اہم اور بڑے حجم کا منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے ماشکیل اور ملحقہ اضلاع میں پانی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈیم کی تعمیر سے آبپاشی، زراعت، پینے کے پانی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ اردگرد کے علاقوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert