انڈر 19 ایشیاء کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

مسقط (قدرت روزنامہ) انڈر 19 ایشیاء کپ کے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی باؤلرز نے اپنی نپی تلی اور شاندار گیند بازی سےڈینجر زون بنائے رکھا اور بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بھارت کی طرف سے ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے باؤلرز نے انتہائی جاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، علی رضا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 37 رنز کے عوض 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کا بھرپور ساتھ نقاب شفیق نے دیا جنہوں نے 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ رضوان اللہ نے بھی صرف 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پاکستانی باؤلرز کے اس متفقہ اور سخت حملے کی وجہ سے بھارتی ٹیم 209 رنز کا ہدف ہی دے سکی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم جب 209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری تو ابتدائی اوورز میں اسے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور محض 61 رنز پر 5 مستند وکٹیں گرگئیں، بھارتی باؤلرز نے دباؤ بڑھاتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اس نازک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے، لیکن جونیئر شاہینوں نے ہمت نہیں ہاری، ٹیم کے اس مشکل وقت میں حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ اور انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے شاندار ناقابل شکست سنچری اسکور کی اور ٹیم کو سنبھالا دیا، ان کا ساتھ حسنین عباس ڈار نے دیا جنہوں نے 38 رنز کی انتہائی عمدہ اور قیمتی اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار شراکت داری قائم کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، حمزہ ظہور اور حسنین عباس کی اس جرأت مندانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے 209 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارت کی جانب سے منال چوہان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
