برطانیہ میں 2027 کے دوران گھروں کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان، لندن سب سے زیادہ متاثر ہوگا

اوسط گھر کی قیمت میں مزید 5 ہزار 500 پاؤنڈ کمی متوقع، 2028 کے دوسرے نصف میں پراپرٹی مارکیٹ کی بحالی شروع ہونے کی پیش گوئی


لندن(قدرت روزنامہ)برطانیہ میں گھروں کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ 2027 کے دوران بھی جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ دارالحکومت لندن میں پراپرٹی کی قیمتوں میں ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ کمی متوقع ہے۔
پراپرٹی کنسلٹنسی ادارے سیولز (Savills) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2027 میں برطانیہ بھر میں گھروں کی اوسط قیمتوں میں مزید 1.5 فیصد کمی کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ایک اوسط گھر کی مالیت تقریباً 5 ہزار 500 پاؤنڈ کم ہوجائے گی۔
رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ برطانیہ کی پراپرٹی مارکیٹ 2028 کے دوسرے نصف میں بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہوگی، جبکہ اس سال گھروں کی اوسط قیمتوں میں 3.5 فیصد اضافے کی توقع ہے۔
سیولز کے مطابق لندن، جنوب مشرقی انگلینڈ اور مشرقی انگلینڈ میں 2027 کے دوران گھروں کی قیمتوں میں 3.5 فیصد کمی متوقع ہے، جو ملک بھر میں پیش گوئی کی گئی 1.5 فیصد کمی سے دگنی سے بھی زیادہ ہے۔ اس کے برعکس برطانیہ کے بعض شمالی علاقوں میں گھروں کی قیمتوں میں معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں طویل عرصے تک جاری رہنے والے تنازعات نے عالمی اور برطانوی معیشت کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی ہے، جبکہ قرضوں پر بلند شرح سود کے باعث گھروں کے خریداروں کا اعتماد اور قوت خرید متاثر ہورہی ہے۔
سیولز کا کہنا ہے کہ رہائشی مکانات کے لیے رہن (مارگیج) کی اوسط شرح سود 2028 کے اوائل تک 5 فیصد سے نیچے آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث ممکنہ خریداروں کے لیے گھر خریدنا مہنگا رہے گا اور پراپرٹی کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہے گا۔
تاہم کنسلٹنسی ادارے کو توقع ہے کہ 2028 سے معاشی حالات میں بہتری اور مارگیج کی لاگت میں کمی کے نتیجے میں پراپرٹی مارکیٹ بتدریج بحال ہونا شروع ہوجائے گی۔
رپورٹ میں مزید پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2031 تک پانچ سال کے عرصے میں برطانیہ بھر میں گھروں کی مجموعی قیمتوں میں 15.8 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے ایک اوسط گھر کی مالیت میں تقریباً 56 ہزار 500 پاؤنڈ کا اضافہ متوقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert