عازمین حج کے لیے بڑی سہولیات! پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط

جدہ (قدرت روزنامہ) پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں جاری عالمی حج ایکسپو کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان امسال حج انتظامات کو مزید موثر بنانے اور پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے پر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی عرب کے وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے دستخط کیے۔
دستخط کی اس پروقار تقریب میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا بھی موجود تھے۔
معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستانی عازمینِ حج کو سفری، رہائشی اور دیگر دیکھ بھال کی ممتاز سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ان کا مقدس سفر مزید آسان اور آرام دہ بن سکے۔
دونوں ممالک کے درمیان حج کے عمل اور انتظامات کو زیادہ سے زیادہ شفاف اور موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے تاکہ حجاج کو درپیش عملی مشکلات کو دور کیا جا سکے۔
معاہدے کے تحت ‘روڈ ٹو مکہ’ پروجیکٹ سمیت پاکستانی حجاج کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے جاری اقدامات کو مزید وسعت اور بہتری دی جائے گی۔
معاہدے کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات اور حج و عمرہ کے فروغ پر بات چیت کی گئی، جبکہ تقریب کے اختتام پر یادگاری شیلڈز اور خصوصی تصاویرا کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
