فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر افواج ملکی حفاظت یقینی بنا رہی ہیں: وزیر اعظم

میانوالی (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بہادر افواج ملکی حفاظت یقینی بنا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ، ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ 5 منصوبے کا مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگ میل عبور کرنا باعث فخر ہے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے، چین کے تعاون سے یہ سنگ میل حاصل کیا، پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چشمہ 5 منصوبہ پاکستان کیلیے صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کی ضمانت ہے، ان شاء اللہ یہ منصوبہ خوابوں کو امید اور امید کو حقیقت میں تبدیل کرے گا، توانائی کا تحفظ پاکستان کے عوام اور معیشت کیلیے انتہائی اہم ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ چشمہ 5 ساتواں جوہری بجلی گھر ہے جس کی تعمیر میں چین نے پاکستان کی مدد کی، ہم چینی صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کے شکر گزار ہیں، سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور چین کی شراکت داری مزید مضبوط کرے گا، چشمہ 5 منصوبہ معاشی مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی بھی اہم ہے، پاکستان کی ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام ہے، مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بہادر افواج ملکی حفاظت یقینی بنا رہی ہیں، مسلح افواج نے معرکہ حق میں جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج نے معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی، معیشت کی بحالی اور سماجی اقتصادی ترقی میں فیلڈ مارشل کی حمایت قابل تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہماری افواج کا عزم اور جرأت دیکھی، معرکہ حق کے جذبے کی طرح معاشی کامیابیاں بھی حاصل کریں گے، پاکستان کو خوشحال، پرامن اور مضبوط ملک بنانا ہمارا مشترکہ عزم ہے۔
