پشتون وطن کو مسلح جتھوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر وسائل کی لوٹ مار کی جا رہی ہے: اے این پی

شہید خان جیلانی خان اور شہید اسد خان اچکزئی کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں، 22 نومبر کو چمن میں تاریخی جلسہ عام ہوگا: مابت کاکا


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے شہدائے وطن خان جیلانی خان اچکزئی کی 16ویں اور اسد خان اچکزئی کی چھٹی برسی کے موقع پر ان کی قومی و سیاسی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مقاصد اور حقوق کی خاطر شہداء نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، وہ مطالبات آج بھی حل طلب ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پشتون سرزمین کو دانستہ طور پر بدامنی، دہشت گردی اور لاقانونیت کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے تاکہ علاقے کے قدرتی وسائل پر غیروں کا تسلط قائم کیا جا سکے اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جائے۔
مابت کاکا نے کہا کہ شہداء کے نظریات اور فکر کو زندہ رکھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت اور قومی حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو منظم کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہدائے وطن کی یاد میں 22 نومبر کو چمن ہائی اسکول فٹ بال گراؤنڈ میں ایک تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا، جس سے اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان خصوصی خطاب کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں، نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ چمن جلسے کی بھرپور تیاریاں کریں اور بڑی تعداد میں شریک ہو کر عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں۔

WhatsApp
Get Alert