افواج پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کرانا ہے ، شیخ رشید
ایبٹ آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے افواج پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کرانا ہے ۔
ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کو عالمی سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا ، موجودہ حکومت دو ووٹوں کی اکثریت کی حکومت ہے ، میرے خلاف 11 جگہ پر مقدمات درج کرائے گئے مگر میں گھبرانے والا نہیں ہوں ، یہ چور ، لٹیرے امپورٹڈ حکمران اکٹھے ہوئے ہیں ، جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ ن عام انتخابات کیلئے نکل گئی ہے یہ اچھی بات ہے ، اس وقت آصف علی زرداری کے علاوہ سب جماعتیں الیکشن کیلئے تیار ہیں ۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے تجربے سے کہتا ہوں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قسمت میں بہت بڑی جیل لکھی ہوئی ہے ، مجھے اور عمران کو چار ماہ قبل پتہ تھا کہ “باپ “کا باپ کون تھا، میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہوں گا کہ اسلام آباد مارچ کے دوران آپ کو جس جگہ روکا جائے وہیں بیٹھ جائیں ۔