نصیر آباد میں آگ لگنے سے چھ گھر جل کر راکھ، 35 سے زائد مویشی ہلاک

متاثرہ خاندانوں نے حکومتی امداد کی فوری فراہمی کا مطالبہ کر دیا
نصیر آباد (قدرت روزنامہ )نصیر آباد کے نواحی علاقے گوٹھ حاجی ممتاز علی جتک میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے چھ گھروں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔ آگ غلام قادر سولنگی اور غلام حیدر سولنگی کے گھروں سے شروع ہوئی اور قریبی گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چند لمحوں میں گھروں کا قیمتی سامان، کپڑے، برتن، بستر اور راشن جل کر خاکستر ہو گیا۔متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان کے روزگار کے ذرائع بھی ان گھروں سے وابستہ تھے۔ آگ کی زد میں آ کر ان کے 35 سے زائد قیمتی مال مویشی بھی ہلاک ہو گئے جبکہ کئی جانور جھلس کر زخمی ہیں۔ متاثرین نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری امدادی کارروائیاں کی جائیں تاکہ وہ اپنی زندگی دوبارہ سنوار سکیں۔