لاہور(قدرت روزنامہ) جعلی پولیس کا روپ دھار کر تاجروں سے پیسے بٹورنے والے دو سگے بھائی اصلی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے . مصری شاہ انویسٹی گیشن پولیس نے 2 نوسربازوں توقیر اور شعیب کو گرفتار کرلیا .
دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں، جو خود کو پولیس اہل کار ظاہر کرکے تاجروں اور دکان داروں سے پیسے بٹورتے تھے .
پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے ملزمان کے قبضے سے گاڑی، پولیس کارڈ اور یونیفارم برآمد کرلیا گیا ہے . ملزمان نے دوران تفتیش 40 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کرلیا . ایس پی انویسٹی گیشن سٹی عثمان ٹیپو نے کہا ہے کہ پولیس کی وردی کا تقدس پامال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے .