لاہور(قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی نے عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے خلاف 23 فروری سے حتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا . ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق جھرلو الیکشن کو بے نقاب کرنے کے لیے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے .
جماعت اسلامی 23فروری سے احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی . پہلا احتجاج پشاور میں ہو گا ، جس کی قیادت سراج الحق کریں گے .
انہوں نے کہا کہ 25فروری کو اسلام آباد میں جمہوریت بچاؤ کانفرنس ہوگی . الیکشن کمشنر استعفا دیں . الیکشن پراسس کا مکمل آڈٹ اور تحقیقات کے لیے اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے . عوام کے حقوق کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا .
قیصر شریف کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرنے میں 100 فیصد ناکام ہوگئے . اداروں کی مداخلت ختم ہوئی نہ ہی تاریخ سے سبق سیکھا گیا . سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے بجائے ذاتی مفادات کی طرف دیکھتی ہیں . پی پی پی، مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم کی سیاسی جان اقتدار کے طوطے میں ہے . یہ ہر قیمت پر ہر رُسوائی کے ساتھ پاورشیئرنگ کریں گی .
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام بیدار ہیں ایسی سیاست سے چھٹکارا چاہتے ہیں . اب عوام پاکستان کا استحکام اور کامیابی چاہتے ہیں . 8فروری کو ہونے والے الیکشن پر آزاد میڈیا اور اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے .