غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کے اقدامات کیے جائینگے، شرجیل میمن
کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرد گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس کراچی میں ہوا، جس میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر قانون سازی اور منشیات پر کنٹرول کی کوششوں سمیت دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز غیر رجسٹرڈ گاڑیاں سڑکوں پر آنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرے گا۔ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں سڑکوں پر نکلنے سے روکنے کے لیے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایکسائز حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے کاروبار کو ہر حال میں روکنے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ منشیات فروشی میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نئی نسل کو منشیات سے بچانا ہے، منشیات کے خلاف آگہی کے پروگرام بھی ضروری ہیں۔